بھارت خطے کے امن ميں خلل ڈال رہا ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

 اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے افغانستان ميں دیرپا امن واستحکام ہو، ہم پرکب تک انگلیاں اٹھائی جاتی رہیں گی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پراہم بیان میں کہا کہ افغانستان کی صورتحال بہتر ہونے کا سب کو فائدہ ہوگا، پاکستان اپنی ذمہ دارياں احسن طریقے سے نبھارہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اہم ممالک سے مشاورت کے بعد متفقہ حکمت عملی اپنائیں، اگر خدانخواستہ افغانستان کی صورتحال بگڑتی ہے تو سب متاثرہوں گے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے افغانستان ميں دیرپا امن و استحکام ہو، ہم پر کب تک انگلیاں اٹھائی جاتی رہیں گی، میں ان سے یہی کہوں گا کہ ماضی کی غلطیوں کو مت دہرائيں اورمل بيٹھ کر کوئی راستہ نکاليں، افغانستان کی اہم شخصيات کوبات چيت کی دعوت ديتے ہيں، افغان قائدین بيٹھيں اوربتائيں ہم کيسے ان کی مدد کرسکتے ہيں، بھارت نے افغانستان میں اسپائلرکا کردار ادا کيا، بھارت خطے کے امن ميں خلل ڈال رہا ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو منفی رويے سے منع کرے اوربھارت افغانستان کو امن سے رہنے دے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ سنہری موقع ہے کہ مشاورتی عمل کو آگے بڑھايا جائے، پاکستان واحد ملک ہے جو کئی دہائیوں سے 30 لاکھ افغان پناہ گزينوں کی خدمت کررہا ہے، ہم نے محدود وسائل کے باوجود افغان پناہ گزينوں کی خدمت جاری رکھی، اب اگر خدانخواستہ حالات خراب ہوتے ہیں تو ہم مزید افغان پناہ گزينوں کو رکھنے کے متحمل نہيں ہوسکتے، ہم نے اپنے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے 70 ہزارجانوں کے ساتھ ساتھ بھاری معاشی قیمت ادا کی ہے، افغان پناہ گزینوں کی آڑمیں ایسےعناصربھی داخل ہو سکتے ہیں جوہمیں نقصان پہنچائیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں قیام پذیر افغان پناہ گزينوں ميں اکثريت معصوم لوگوں کی ہے، یہ معصوم افغان پناہ گزين اپنے ملک واپس لوٹنا چاہتے ہيں، پناہ گزينوں کي آڑميں پاکستان کے دشمن داخل ہوسکتے ہيں، ہم نے بہت بڑی قيمت ادا کی، محتاط رہنا ہمارا فرض ہے، معصوم لوگوں کی جانيں بچانے کا ہميں حق ہے، ہم انسانی ہمدردی کے تحت ان کی معاونت کرنا چاہتے ہیں لیکن اپنے معصوم لوگوں کا تحفظ بھی ہمیں یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی چیک کریں

کراچی میں آج اور کل پارہ کم ہوگا، 6 مارچ سے گرمی بڑھنے کی پیشگوئی

کراچی: ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں 3 سے 4 روز کے دوران سردی …