دنیا بھر کی اہم شخصیات کے خفیہ مالیاتی معاملات پر انٹرنیشنل کنسورشیئم آف انویسٹیگیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) کی ایک بڑی بین الاقوامی تحقیق ‘پینڈورا پیپرز’ کے نام سے جاری کردی گئی ہے جس میں میڈیا رپورٹس کے مطابق 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیرخزانہ شوکت ترین، مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وزیر آبی امور مونس الہٰی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا، اسحٰق ڈار کے بیٹے، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن، وفاقی وزیر خسرو بختیار کے خاندان کے نام اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان جیسے اہم نام سمیت 700 سے زائد پاکستانی شامل ہیں۔
پینڈورا پیپرز میں فوج کے چند ریٹائرڈ عہدیداروں، کاروباری شخصیات، ایگزیکٹ کمپنی کے مالک شعیب شیخ سمیت میڈیا اداروں کے مالکان کے بھی نام آئے ہیں۔