بلوچستان، خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مون سون سے قبل ہونے والی بارشوں نے بلوچستان کے مختلف حصوں میں تباہی مچا دی ہے جس سے سیلاب، فصلوں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے اور کم از کم پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ کوہلو کے علاقے سوناری کو کوئٹہ سے ملانے والی سڑک سیلاب میں بہہ گئی اور کئی پلوں کو نقصان پہنچا، کوہلو میں بھی سیلاب بجلی کے کھمبے بہا لے گیا اور بارکھان میں بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔

بیان میں بتایا گیا کہ صوبے کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، سبی، کوہلو، زیارت، کوئٹہ، چمن، ہرنائی، لورالائی، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان اور ژوب میں موسلادھار بارش کی اطلاعات ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید کہا کہ سبی، کوہلو، زیارت، کوئٹہ، ہرنائی، لورالائی، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی اطلاع ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سبی میں اتوار کو طوفان ایک ٹرک کو بہا لے گیا جس کے نتیجے میں چار خواتین اور ایک مرد ہلاک ہو گیا۔

لیویز کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک نے شدید سیلاب کے باوجود دریائے بیجی کو عبور کرنے کی کوشش کی، حادثے میں زخمی ہونے والے ایک عینی شاہد بہادر خان کے مطابق ٹرک میں تقریباً 25 افراد اور ان کے مویشی سوار تھے۔

محکمہ موسمیات کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں پری مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ بدھ(کل) تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی چیک کریں

گلیات میں بارش، برفباری جاری، چھانگلہ گلی، ٹھنڈیانی میں 2 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی

مری:گلیات میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا، چھانگلہ گلی اور ٹھنڈیانی میں 2 …