پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سمجھوتہ طے پانے کی پیش رفت کے بعد روپے نے ڈالر کے مقابلے میں اپنی قدر کھونے کا سلسلہ آخر کار ختم کر دیا جب کہ بدھ کے روز کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں اس کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں 3 روپے 80 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق گزشتہ روز 211 روپے 80 پیسے پر بند ہونے کے بعد آج دوپہر 2 بج کر 50 منٹ پر ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 3 روپے 80 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی قیمت 208 روپے ہوگئی۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق گزشتہ روز روپے کی قدر میں 2 روپے سے زائد کی کمی ہوئی تھی اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 212 روپے کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا جو 2 روز قبل 209 روپے 96 پسے پر تھا۔
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کی پیش رفت اس کی قدرمیں گزشتہ ہفتوں کے دوران ہونے والی مسلسل کمی کے بعد ہوئی ہے۔