ایف اے ٹی ایف کا دورہ ستمبر میں متوقع

عالمی مالیاتی جرائم پر نظر رکھنے والا ادارہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ستمبر میں اپنا آن سائٹ مشن پاکستان بھیجے گا، اس دورے کو اسلام آباد میں سفارتی حلقے ملک کے لیے ایف اے ٹی ایف سے نکلنے کے عمل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ مشن کے دورہ اسلام آباد کی تاریخ سفارتی ذرائع سے طے کی جا رہی ہے لیکن سفارتی حلقوں کا خیال ہے کہ یہ موسم خزاں کے اوائل میں ہو گا۔

برلن میں اپنے گزشتہ ماہ کے پلانری اجلاس میں ایف اے ٹی ایف نے ابتدائی فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان نے 34 آئٹمز پر مشتمل اپنے دو ایکشن پلانز کو کافی حد تک مکمل کر لیا ہے۔

اب یہ اس بات کی تصدیق کے لیے سائٹ کا دورہ کرے گا کہ پاکستان میں انسداد منی لانڈرنگ (اے ایم ایل) اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کی روک تھام (سی ایف ٹی) پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے اور جاری ہے جبکہ مستقبل میں عملدرآمد اور بہتری کے لیے سیاسی عزم بھی موجود ہے۔

سفارتی حلقوں کا خیال ہے کہ پاکستان کے گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں جانے سے ایک نئی ہم آہنگی پیدا کرنے میں مدد ملے گی اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے معاشی اور مالیاتی بحران پر قابو پانے میں حکومت کی مدد کر سکیں گے۔

سال 21-2020 کے لیے اپنی سالانہ رپورٹ میں ایف اے ٹی ایف نے نوٹ کیا کہ پاکستان نے اپنے اصل ایکشن پلان کے مطابق انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کے اقدامات کو مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کے ساتھ ایک نیا ایکشن پلان تیار کرنے کے لیے بھی کام کیا، جس میں یہ ظاہر کرنا شامل ہے کہ مالیاتی نگران غیر مالیاتی شعبے کے کاروبار پر سائٹ اور آف سائٹ چیک رکھتے ہیں اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات اور قانونی کارروائیوں بشمول بیرون ملک مالی اعانت کے مقدمات میں اضافے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

یہ بھی چیک کریں

کراچی میں آج اور کل پارہ کم ہوگا، 6 مارچ سے گرمی بڑھنے کی پیشگوئی

کراچی: ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں 3 سے 4 روز کے دوران سردی …