روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین میں ان کی مہم منصوبے کے مطابق چل رہی ہے اور یہ اس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک کیف لڑائی بند نہیں کرتا جبکہ شدید بمباری والے شہر ماریوپول کو خالی کرانے کی کوششیں مسلسل دوسرے روز بھی ناکام رہیں۔
رپورٹ کے مطابق روسی صدر نے یہ بات ترک ہم منصب رجب طیب اردوگان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کی۔
ترک صدر نے اس تنازع میں جنگ بندی کی اپیل کی جس سے متعلق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس جنگ سے دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ میں مہاجرین کا سب سے تیز ترین بحران پیدا ہوا ہے۔
روسی میڈیا نے کہا کہ ولادیمیر پیوٹن نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے ساتھ بھی تقریباً دو گھنٹے گفتگو کی، جو ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے ہیں، لیکن دیگر عالمی کوششوں کی طرح وہ بھی ابھی تک روس کو 11 روز سے جاری جنگ ختم کرنے پر آمادہ نہیں کر سکے۔