آرمی چیف کا او آئی سی اجلاس، یوم پاکستان پریڈ کیلئے سیکیورٹی بڑھانے کا حکم

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے حکم دیا ہے کہ آئندہ ہفتے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس اور دارالحکومت میں یوم پاکستان کی پریڈ کے محفوظ انعقاد کے لیے سیکیورٹی کو بڑھایا جائے۔

رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دونوں تقریبات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے جامع اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں 48 ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب 23 مارچ کو منعقد کی جانے والی یوم پاکستان پریڈ جو ایک اور سالانہ ہائی پروفائل تقریب ہے، اس مرتبہ زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے کیونکہ اس کا مشاہدہ او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے وزرائے خارجہ کریں گے۔

چینی وزیر خارجہ وینگ یی بھی ان دونوں پروگراموں میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں ہوں گے، ایک سفارتی ذریعے کے مطابق وینگ یی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

یہ بھی چیک کریں

گلیات میں بارش، برفباری جاری، چھانگلہ گلی، ٹھنڈیانی میں 2 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی

مری:گلیات میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا، چھانگلہ گلی اور ٹھنڈیانی میں 2 …