پاکستان سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج نے حلف اٹھالیا

جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف اٹھا کر پاکستانی تاریخ میں عدالت عظمیٰ کی پہلی خاتون جج بن گئیں۔

تقریب حلف برداری سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے جسٹس عائشہ ملک سے بطور سپریم کورٹ جج حلف لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ جسٹس عائشہ ملک اپنی قابلیت کی بنیاد پر جج بنی ہیں، ہم کسی چیز کا کریڈٹ نہیں لیں گے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے چیف جسٹس سے سوال کیا کہ جسٹس عائشہ ملک کے نام پر بطور جج غور کیا گیا یا بحیثیت خاتون؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘خاتون’۔

اس موقع پر اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی خاتون جج سپریم کورٹ میں تعینات ہوئی ہیں جو سب کے لیے خوشی کی بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پہلی مرتبہ سپریم کورٹ میں آبادی کا حقیقی معنوں میں عکس نظر آئے گا، یہ بہت پُر مسرت موقع ہے۔

تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل فار پاکستان، سینیئر وکلا، لا افسران اور لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے افسران نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ 6 جنوری کو جوڈیشل کمیشن نے کثرت رائے سے لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ میں بطور جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔

یہ بھی چیک کریں

کراچی میں آج اور کل پارہ کم ہوگا، 6 مارچ سے گرمی بڑھنے کی پیشگوئی

کراچی: ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں 3 سے 4 روز کے دوران سردی …