رواں سال کا دوسرا اور آخری مکمل چاند گرہن آج ہوگا

لاہور:آج سال رواں کے دوسرے اور آخر ی مکمل چاند گرہن کا نظارہ کیا جاسکے گا، پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 2منٹ پرزمین ، سورج اور چاند کے درمیان حائل ہونا شروع ہوجائے گی، چاند گرہن کو خصوصی گلاسز کے بغیر براہ راست بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

رواں سال 25 اکتوبر کا سال کا آخری سورج گرہن دیکھنے میں آیا تھا جب چاند، زمین اور سورج کے درمیان حائل ہوگیا تھا اب زمین نے چاند سے اِس عمل کا بدلہ لینے کی ٹھانی ہے، پاکستانی وقت کے مطابق ٹھیک دوپہر ایک بج کر دو منٹ پر چاند گرہن لگنے کا عمل شروع ہوجائے گا اور سہ پہر چار بجے کے قریب چاند کو مکمل طور پر گرہن لگ جائے گا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات چوہدری محمد اسلم کے مطابق آج کا مکمل چاند گرہن جنوبی امریکہ،شمالی افریقہ اور یورپ میں تو پورے طور پر دکھائی دے گا لیکن ملک میں شام پانچ بجے کے بعد اِس کا جزوی نظارہ کیا جاسکتا ہے، لاہور میں شام 5 بج کر 5منٹ، اسلام آباد میں 5 بج کر چھ منٹ اور کراچی میں 5 بج کر 12 منٹ پر چاند گرہن دیکھا جاسکے گا جس دوران چاند سرخی مائل دکھائی دے گا۔

چیئرمین شعبہ سپیس ٹیکنالوجی پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر محمود کا کہنا تھا کہ اسلامی نکتہ نظر کے مطابق سورج یا چاند گرہن کو قدرت کی دو زبردست نشانیاں تو قرار دیا گیا ہے لیکن اِن سے وابستہ توہمات کی کوئی مذہبی توجیحات ملتی ہیں نہ ہی سائنسی طور پر اِنہیں تسلیم کیا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق چاند گرہن مکمل طور پر ایک سائنسی عمل ہے جو معمول کے مطابق چلتا رہتا ہے اور اِس میں ہمارے سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہوتا ہے، آئندہ مکمل چاند گرہن دیکھنے کے لئے مارچ 2025تک کا انتظار کرنا پڑے گا۔

یہ بھی چیک کریں

سست انٹرنیٹ کا مسئلہ ختم، سب میرین کیبل ٹھیک ہوگئی: پی ٹی اے کا دعویٰ

اسلام آباد:  پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک بار پھر ملک …