تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے احتجاج جاری رہنے کے باعث لاہور اور اسلام آباد میں کئی سڑکیں اب بھی بند ہیں۔
لاہور پولیس کے ترجمان رانا عارف کا کہنا ہے کہ مظاہرین کالا شاہ کاکو انٹرچینج پہنچ گئے ہیں اور وہ اسلام آباد پہنچنے کے لیے گرینڈ ٹرنک روڈ استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
دریں اثنا وزیر داخلہ شیخ رشید جو ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کا مقابلہ دیکھنے کے لیے دبئی میں موجود تھے، وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے صورتحال کی نگرانی کی ہدایت پر آج وطن واپس پہنچ گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز احتجاج کے دوران 3 پولیس اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (پی ایس سی اے) نے کشیدہ صورتحال کے باعث ٹریفک کے لیے بند سڑکوں کی فہرست جاری کی۔
پی ایس سی اے کے مطابق بند روٹس میں دبئی چوک سے اسکیم موڑ، کھاڑک سے اسکیم موڑ، لیاقت چوک سے اسکیم موڑ، گلشن راوی سے یتیم خانہ، سمن آباد سے یتیم خانہ، بندر روڈ شیل پمپ سے یتیم خانہ، بابو صابو سے موٹروے، شاہدرہ چوک، سگیاں پل، پرانا راوی پل، مون مارکیٹ سے اسکیم موڑ، بجلی گھر سے اسکیم موڑ، ضلعی کورٹس سگیاں، داتا دربار سے پیر مکی اور لاہور رنگ روڈ شامل ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایک الرٹ جاری کیا جس میں رہائشیوں کو آگاہ کیا گیا کہ ایکسپریس چوک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مارگلہ روڈ، ایوب چوک، نادرا چوک اور ڈھوکری چوک کو متبادل طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’آئی جے پی روڈ سے فیض آباد اور آئی جے پی روڈ سے اسٹیڈیم روڈ تک ٹریفک کے دونوں اطراف کے لیے نائنتھ ایونیو سگنل پر ڈائیورژن رکھا گیا ہے، متبادل کے طور پر نائنتھ ایونیو کو اسلام آباد میں داخل ہونے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے اور پشاور روڈ کو راولپنڈی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے‘۔
اس کے علاوہ مری روڈ کو دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، پولیس نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے مری روڈ کی طرف جانے والے مسافروں کے لیے ٹریفک کو اسلام آباد ہائی وے کی طرف موڑا جارہا ہے۔
آئی ٹی پی کا کہنا تھا کہ ’راول ڈیم چوک سے فیض آباد تک ٹریفک کو فیض آباد سے پہلے مری روڈ پر موڑ دیا گیا ہے، متبادل کے طور پر پارک روڈ، ٹرامری چوک اور لہترار روڈ کو اسلام آباد ہائی وے تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے‘۔
مزید کہا گیا کہ راولپنڈی میں میٹرو بس سروس معطل کردی گئی ہے لیکن آئی جے پی روڈ کے اسٹاپ سے پاکستان سیکریٹریٹ تک آپریشنل ہے۔