لاہور: پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹر ویز متعدد مقامات سے بند اور فلائٹ آپریشن متاثر ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پنجاب میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کیا گیا ہے، موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم3 لاہور سے ملتان تک بند ہے جبکہ موٹر وے ایم 4 پر پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔
موٹروے ایم 11 لاہور سیالکوٹ پر بھی ٹریفک کی نو انٹری ہے، حد نگاہ میں بہتری کے بعد ملتان سکھر موٹروے ایم 5 کو کھول دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی دھند کا راج برقرار ہے، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہے، کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، ٹرینوں کی آمدورفت بھی بدستور تاخیر کا شکار ہے جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز لاہور میں ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کا آج کم سے کم درجہ حرارت 7، زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں آج بارش برسنے کے کوئی امکانات نہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 97 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ ویڈیوز بھی دیکھیں: