کوئٹہ، گلگت بلتستان:گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقے زیارت میں بارشوں کے بعد 3 یونین کونسلیں زندرہ، کواس اور منڑہ سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں، منڑہ ڈیم سیلاب سے 3 سکول، ایک بیسک ہیلتھ سینٹر بھی تباہ ہو گیا۔
مسلم باغ میں متاثرہ قومی شاہراہ این 50 پر ٹریفک کی جزوی آمد و رفت بحال کردی گئی جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی این 50 زیارت اور کوئٹہ شاہراہ کئی مقامات پر بہہ جانے سے ٹریفک بدستور متاثر ہے۔
ادھر صحبت پور کی مانجھوٹی شاخ اور شاہی کینال کے شگافوں کو 6 دن گزرنے کے بعد بھی پر نہ کیا جا سکا، شگاف سے نصیر کھوسہ، مولوی قادربخش اور علی آباد سمیت درجنوں دیہات زیرآب آ گئے ہیں۔
کشمور میں گڈو بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، کچے کےعلاقوں میں پانی داخل ہونے سے فصلیں زیر آب آگئیں ہیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے ندی نالوں میں طغیانی اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال تھم گئی ہے، انتظامیہ کے مطابق سیلاب سے 10 رابطہ پلوں اور 75 مکانات کو شدید نقصان پہنچا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔
یہ ویڈیوز بھی دیکھیں: